مغربی بنگال محکمہ اقلیتی فائنانس کارپوریشن کی جانب سے آج اسلام پور محکمہ کے تحت گوالپوکھر ایک نمبر بلاک کے پیریو کمیونٹی ہال میں ایک افتتاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں مغربی بنگال محکمہ اقلیتی امور و مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے کابینی وزیر غلام ربانی کے ہاتھوں پولس کانسٹیبل کی تقرری کے لیے کوچنگ سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر کابینی وزیر غلام ربانی کے علاوہ مغربی بنگال محکمہ اقلیتی فائنانس کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر مریگنکا بسواس، مغربی بنگال محکمہ اقلیتی فائنانس کارپوریشن کے جنرل منیجر شمس الرحمن،اے ڈی ایم کاجول بسواس،ایس ڈی او سپتارسی ناگ، مالدہ کے رکن اسمبلی رحیم بخشی،اسلام پور میونسپلٹی کے چیئرمین کنہیالال اگروال وغیرہ موجود تھے۔
ان تمام معزز شخصیات کی موجود گی میں اسلام پور محکمہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت کی جانب سے پولس محکمہ میں تقرری کیلئے کوچنگ کلاسیس کا افتتاح کیا گیا۔اس کوچنگ کلاس کا افتتاح ریاستی وزیر غلام ربانی و دیگر معزز مہمانوں کے ہاتھوں شمع روشن کر کیا گیا۔
پولس کانسٹیبل کی تقرری کیلئے کوچنگ کلاس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر غلام ربانی نے کوچنگ کلاس میں شریک ہونے والے امیدواروں سے کہا کہ کامیابی کی منزل تک پہنچنے کیلئے جدوجہد لازمی ہے۔ جس کے لئے آپ تمام لوگوں کو تیار ہونا ہوگا جس کے بعد ہی آپ لوگ کامیابی کی منازل تک پہنچ سکتے ہیں،
انہوں نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کے کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج مجھے ایسے محکمہ کا وزیر بنایا ہے جس کے ذریعہ اس طرح کے کاموں کو کرنے کی سہولت ملی ہے۔
غلام ربانی اس طرح کی کوچنگ کلاس کے فائدہ سے آگاہ کراتے ہوئے کہ اس علاقہ میں اس طرح کی کوچنگ کلاس کی شروعات کرانے کا مقصد یہاں کے نوجوان زیادہ سے زیادہ تعداد میں سرکاری ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔
وہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر غلام ربانی نے کہا کہ فی الحال کورونا کے پیشِ نظر اس کوچنگ کلاس کو بڑے پیمانے پر نہیں کرسکتے ہیں لیکن اس کوچنگ کلاس میں حصہ لینے والے سبھی امیدواروں کو کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنا لازمی ہے۔