مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر اور ممتا بنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت کا رشتہ بڑا تلخ رہا ہے۔
جگدیپ دھنکر جب سے مغربی بنگال کے گورنر بن کر آئے ہیں اس دن سے لے کر آج تک ممتابنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت پر نکتہ چینی کرتے آئے ہیں۔
گورنرجگدیپ دھنکر اکثر و بیشتر ممتا بنرجی اور ان کے وزراء کی کارکردگی پر تنقید کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی اور ان کے وزراء بھی گورنر جگدیپ دھنکر کے ٹویٹ پر ردعمل کرتے رہتے ہیں۔
دارجلنگ میں ایک مہینے کی چھٹی کے آخری دن راج بھون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ ریاست مغربی بنگال ان دنوں اپنی تاریخ کے سب سے برے دور سے گزر رہی ہے. انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اور انتظامیہ کے اعلی حکام کی ہر چیز میں سیاست کرنے کی وجہ سے بنگال دوسری ریاستوں کے مقابلے کافی پچھڑ چکی ہے۔