کولکاتا:مغربی بنگال میں راج بھون کے نزدیک واقع صرافہ ہاؤس میں بدھ کے روز بھیانک آتشزدگی سے پرانے کولکاتا میں واقع دفتری علاقے میں افراتفری مچ گئی۔اس واقعے میں عمارت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔آتشزدگی میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کے فوراً بعد گورنر سی وی آنند بوس ذاتی طور پر صورت حال کی نگرانی کے لیے راج بھون سے باہر آئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کل دس گاڑیاں آگ بجھانے کے لئے موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔ عمارت سے اٹھتے آگ کے شعلے اور دھنواں اب بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
اس دوران فائر ڈپارٹمنٹ کے منسٹر سوجیت بوس اور کولکاتا پولس کمشنر ونیت کمار گوئل بھی موقع پر پہنچ گئے اور ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مقامی کانگریس کونسلر سنتوش پاٹھک بھی موقع پر پہنچ گئے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ عمارت میں نصب اے سی سے بھی دھماکے کی آوازیں سنی گئیں۔ سب کو یہاں سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔ فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔دوسری طرف اس واقعے کی اطلاع پا کر مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔