بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان 22 نومبر سے شروع ہونے والا سیریز کا دوسرا میچ گلابی گیند سے ڈے نائٹ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ممالک کیلئے پہلا موقع ہے جب وہ گلابی گیند سے ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ یہ بھارت کا 540 واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلا میچ اندور کے هولكر اسٹیڈیم میں تین دن میں ہی ختم ہو گیا تھا۔
بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی ) اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) مل کر اس میچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس میں کئی سابق عظیم کھلاڑیوں سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن، راہل ڈراوڈ، انل کمبلے کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے موجود رہنے کی بھی امید ہے۔ وہیں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے موجودہ صدر اورسی اے بی کے سابق سربراہ سورو گانگولی کی پہل کے بعد بھارت پہلی بار ڈے نائٹ فارمیٹ میں کھیلنے کے لئے راضی ہوا ہے۔ ہندوستان اپنے گھریلو میدان پر ٹیسٹ کے اس نئے فارمیٹ میں کھیلنے جا رہا ہے جس کے لئے کئی قسم کے پروگراموں کا اس دوران انعقاد کیا گیا ہے۔