این آر ایس کے جونیئر ڈاکٹرز کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ میٹنگ کے بعد این آر ایس اسپتال میں جونیئر ڈاکٹرز کی طرف سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں جونیئر ڈاکٹرز نے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے ڈاکٹرز کے تمام مطالبات منظور کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تحریک شعبہ صحت کی بہتری کے لیے تھی۔
ساتھ ہی انہوں نے ان دنوں عوام کو جو پریشانیاں ہوئیں، اس کے لیے معافی مانگی اور کہا کہ ڈاکٹرز پر حملے قطعی برداشت نہیں کیے جائیں گے بلکہ کسی بھی پیشے میں اس طرح کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔ ہم اس طرح کے تشدد کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ آج سے ہم اپنے کام پر لوٹ رہے ہیں۔ کل سے تمام شعبوں میں معمول کے مطابق خدمات شروع کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم وزیراعلیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری باتیں سنیں اور ہمارے خدشات کو دور کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ہمارے مطالبات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔'