مغربی بنگال کے مدنی پور ضلع کے نندی گرام میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ کسانوں کو مارنے والے آج کسانوں کے مستقبل سنوارنے کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی قانون بھی پلوامہ حملے کی طرح گیم پلان ہے ۔ اس قانون کو اچانک نہیں لایا گیا۔ ایک منظم سازش کے تحت اس قانون کو کسان بھائیوں پر تھوپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کہا کہ کسانوں کی فصلوں پر قبضہ جمانے کے لئے اس کا قانون استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں کسان اپنا سب کچھ چھوڑ کر سخت سردی کے باوجود کھلے آسمان کے نیچے احتجاج کر رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ اس قانون میں خامی ہے۔
بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ ملک کے چند صنعت کاروں کو خوش کرنے کے لئے عوام کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔