کولکاتا:سی بی آئی کا دعویٰ ہے کہ سبریش نے اپنے ایک قریبی رشتہ دار کے ذریعے رشوت کی رقم کو بیرونی ریاستوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اسی بنیاد پر سی بی آئی آنے والے دنوں میں سبریش کے رشتہ دار کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتی ہے۔ اساتذہ تقرری بدعنوانی کے معاملے میں ایس ایس سی کے سابق چیئرمین سبریش بھٹاچاریہ سے متعلق سی بی آئی نے بار بار ثبوت کے ساتھ عدالت میں دعویٰ کیا ہےکہ وہ براہ راست ملوث ہیں۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی تمام معاملات کی جانچ کر رہی ہے کہ رشتہ داروں کے ذریعے کہاں اور کتنی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
سی بی آئی یہ بھی دیکھ رہی ہے کہ ان کے رشتہ دار کو کتنا فائدہ ہوا ہے۔ ایس ایس سی کے سابق چیئرمین سبریش بھٹاچاریہ پر اپنے رشتہ دار کو نوکری دلانے کا بھی الزام ہے۔ سبریش کے رشتہ دار کو کم نمبر ملنے کے باوجود گروپ سی کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے سبریش کے رشتہ دار کو طلب کیا اور ان کا بیان ریکارڈ کرایا۔ سنٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق، ایس ایس سی نے گروپ-سی کی پوسٹوں کے لیے امتحان کا اہتمام کیا تھا تاکہ اسکول کلرک اسامیوں پر بھرتی کی جاسکے۔