کولکتہ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز کہا کہ شہریت (ترمیمی) ایکٹ کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ یہ زمین کا قانون ہے اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ یہاں نیشنل لائبریری میں ریاستی بی جے پی کے سوشل میڈیا اور آئی ٹی ونگ کے اراکین کی بند کمرے کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ یہ سی اے اے کو نافذ کرنے کے لیے پارٹی کا عزم ہے۔
امت شاہ نے یقین ظاہر کیا کہ پارٹی ریاست کی 42 لوک سبھا نشستوں میں سے 35 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ سنہ 2019 کے انتخابات میں بی جے پی نے 18 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ امت شاہ نے پارٹی کے پروگرام میں کہا کہ ہمیں اگلے اسمبلی انتخابات میں مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت بنانے کے لیے کام کرنا ہے۔ بی جے پی کی حکومت کا مطلب دراندازی، گائے کی اسمگلنگ کا خاتمہ اور سی اے اے کے ذریعے مذہبی طور پر ستائے جانے والے لوگوں کو شہریت فراہم کرنا ہوگا"۔
امت شاہ نے سی اے اے کے معاملے پر لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ"بعض اوقات ممتا بنرجی پناہ گزینوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہے کہ آیا ملک میں سی اے اے بالکل لاگو ہوگا یا نہیں۔ میں یہ واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ سی اے اے ملک کا قانون ہے اور اس کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا۔ یہ ہماری پارٹی کا عزم ہے"۔