کولکاتا:مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کی تاریخ جوں جوں قریب آ رہی ہے توں توں سیاسی گہماگہمی تیز ہوتی جا رہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان بیان بازی میں بھی زبردست شدت آئی ہے۔ ممتابنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور ریاست کی مین اپوزیشن جماعت بی جے پی کے درمیان لفظی جنگ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اسی درمیان بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کا نگریس میں شامل ہوئے جے پرکاش مجمدار نے اپنی سابقہ پارٹی پر ملک اور ریاست کی موجودہ صورتحال کو لے کر زبردست تنقید کی ہے۔
ترنمول کانگریس کے رینما جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ بی جے پی عسکریت پسند مذہبی جماعت ہے۔ مذہب کے نام سیاست ہی اس کا اہم مقصد ہے۔ بی جے پی اس سے الگ ہٹ کر سیاست نہیں کرسکتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں کا تجزیہ کیا جائے تو پتہ چل جائے گا کہ ملک میں مذہب کے نام پر ہونے والی سیاست میں کتنی تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے سب سے بڑے مجاہد آزادی اور آزاد ہند فوج کے بانی نیتاجی سبھاش چندر بوس نے آر ایس ایس اور اس کی ذیلی جماعتوں کو کبھی پسند نہیں کیا۔ انہوں نے ہمیشہ سے ہی آر ایس ایس کی مخالفت کی ہے۔