بنگال بی جے پی صدر کی ترنمول کانگریس پر شدید تنقید بی جے کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ سی بی آئی ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر ہی کلکتہ شہر اور اضلاع میں چھاپہ ماری مہم چلا رہی ہے۔مغربی بنگال بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر دلیپ گھوش نے ترنمول کانگریس پر طنز کرتے ہوئے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا وِنے مشرا بہت ہی مشہور شخصیت ہے۔ ترنمول کانگریس میں وِنے مشرا کی حیثیت کیا ہے۔
پورے بنگال کے عوام کو معلوم ہے کہ بدعنوان کون ہے۔ ترنمول کانگریس کو ان جیسے لوگوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرنا چاہیے۔ سی بی آئی کی جانب سے دارالحکومت کولکاتا اور اضلاع میں کی جانے والی کارروائیوں پر کسی کو تنقید نہیں کرنا چاہیئے۔
بی جے پی کے رکن و ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ سی بی آئی ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر ہی شہر اور اضلاع میں چھاپہ ماری مہم چلا رہی ہے۔ سی بی آئی کسی بے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرتی تو سب سے پہلے بی جے پی اس کی مخالفت کرتی لیکن ایسا نہیں ہو رہا ہے۔ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جو بدعنوانی، جانوروں کی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ کوئلہ اسمگلنگ کے معاملے میں ملوث ہیں۔
بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی ریاست میں جاری بدعنوانی، جانوروں کی اسمگلنگ اور کوئلہ اسمگلنگ کے معاملات میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سی بی آئی کی ٹیم نے ترنمول یوتھ کانگریس کے صدر اور رکن پارلیمان ابھیشک بنرجی کے قریبی سمجھے جانے والے رہنما وِنے مشرا کے مکان پر تلاشی مہم چلائی۔ سی بی آئی کی ٹیم نے ترنمول کانگریس کے رہنما کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا ہے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکیں۔