مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران اشوک ڈنڈا نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
اشوک ڈنڈا نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کرکٹر کی زندگی میں ایک ایسا وقت آتا ہے جب اسے ایک سخت فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے آج وہ وقت آ گیا ہے جب میں اپنے سب سے پسندیدہ کھیل کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اس کے باوجود میں نے لیا۔ بنگال کرکٹ کے کامیاب ترین فاسٹ بالر اشوک ڈنڈا نے کہا کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ میری جگہ دوسرے کھلاڑیوں کو موقع مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ لمبے عرصے تک ریاست مغربی بنگال اور ملک کی نمائندگی کی۔ اس دوران مجھے کئی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ میں اس کے لئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اچھے اور برے وقت میں ساتھ دیا۔