ریاست مغربی بنگال جنوبی 24 پرگنہ میں انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ پیرزادہ عباس صدیقی نے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پر مسلمانوں کو ووٹ کے لیے بے وقوف بنانے کا الزام عائد کیا۔
جنوبی 24 پرگنہ کے میٹیا برج کے بادام تلہ میدان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عباس صدیقی نے ترنمول کانگریس اور بی جے پی پر تنقید کی۔
عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ پیرزادہ عباس صدیقی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی بدولت بی جے پی بنگال میں آئی اور ماحول خراب کر رکھا ہے جبکہ سچائی یہ ہے کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی ایک سکہ کے دو پہلو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہ مغربی بنگال میں مسلمانوں کو دھوکے میں رکھا گیا اور انہیں ہر معاملے میں گمراہ کیا گیا۔
عباس صدیقی کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کا دعویٰ ہے کہ بنگال کے مسلمانوں کے 99.99 فیصد ترقیاتی کام ہو چکے ہیں جبکہ سوچنے والی بات یہ ہے کہ اقلیتی طبقے کے سو فیصد ترقیاتی کام کا دعویٰ کرنا اور زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سچائی یہ ہے کہ ممتا بنرجی کے دور اقتدار یعنی گزشتہ دس برسوں کے دوران مسلمانوں کو ترقیاتی کام اور منصوبوں سے محروم رکھنے کی سازش کی گئی ہے۔
انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ کے مطابق مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا، عالیہ یونیورسٹی کا معاملہ اب تک زیر التوا ہے اتنا ہی انہوں نے کہا کہ بارہ ہزار مدرسوں کو سرکاری منظوری کے معاملے پر اب تک کوئی کام نہیں کیا گیا۔