اسمبلی انتخابات سے عین قبل دل بدل کے کھیل کے سبب مغربی بنگال کی سیاست میں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔
لیکن اسی درمیان دل بدل کے کھیل میں ابتدائی کامیابی ملنے کے بعد بی جے پی کو جھٹکا لگا ہے۔
آسنسول کے رکن اسمبلی جتیندر تیواری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کلیانی سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی بسواجیت کنڈو نے بھی پارٹی میں واپسی کا اشارہ دیا ہے۔
رکن اسمبلی بسواجیت کنڈو نے ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان سوگتا رائے کو فون کرکے پارٹی میں واپسی کرنے کی بات کہی ہے۔
ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی بسواجیت کنڈو نے فون پر بات چیت کے دوران کہا کہ میں نے غلطی کی ہے۔ برسوں کے بھروسے کو اپنے ہی پیروں تلے روندا ہے۔ انہیں اس غلطی کا احساس ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سینئر رہنما سوگتا دا (بڑے بھائی) سے ٹیلی فون پر بات چیت کر کے پارٹی میں دوبارہ شامل ہونے کی بات کہی ہے۔ بسواجیت کنڈو کے مطابق سوگتا رائے نے بھی مثبت اشارہ دیا ہے۔
رکن اسمبلی بسواجیت کنڈو کے ساتھ ساتھ متعدد کاؤنسلر, پنچایت پردھان سمیت کئی اعلی رہنماوں کے دوبارہ ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ رکن اسمبلی بسواجیت کنڈو نے چند ہفتوں قبل ترنمول کانگریس کے انتخابی مشیر پرشانت کیشور سمیت دیگر کئی رہنماوں کے خلاف بیان بازی کی تھی۔ اس کے بعد رکن اسمبلی نے ترنمول کانگریس چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔