مرشدآباد: مغربی بنگال پردیش کانگریس کے صدر اور رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے کہاکہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں کانگریس کی نگرانی میں بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط اتحاد بنانے کو لے کر غور و فکر کرنے میں مصروف ہیں تو ترنمول کانگریس کی جانب سے بی جے پی کو مضبوط بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے کہاکہ بی جے پی، آر ایس ایس اور مودی کے رہتے ہوئے ممتابنرجی کبھی بھی کانگریس کی حمایت نہیں کرسکتی ہیں۔ اسی وجہ سے وہ اتحاد بنانے کے لئے ناکام کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی، مودی کو خوش کرنے کے لئے کانگریس اور اس کی حمایتی سیاسی جماعتوں کے خلاف ایک الگ متبادل کی راہ ڈھونڈ رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کوشش سے سب سے زیادہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو فائدہ ہونے والا ہے۔ کانگریس اور آر ایس ایس کے درمیان میل نہیں ہے۔ٹی ایم سی اور بی جے پی ایک ساتھ کام کر چکی ہیں ۔خفیہ سمجھوتے اب بھی جاری ہے۔2024 میں بھی یہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تمام سیاسی جماعتیں کانگریس کے ساتھ بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط اتحاد کا اعلان کریںگی اس وقت ٹی ایم سی تیسرے متبادل کی بات کر سکتی ہیں۔