ریاست مغربی بنگال کے وزیر علیٰ ممتا بنرجی نے آج مدھیامک، ہائر سیکنڈری اور جوائنٹ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کو ورچوئل استقبالیہ تقریب میں کہا کہ اب ویویکانند اسکالر شپ کیلئے 75فیصد نمبرات کی شرط ختم کردیا گیا ہے، اب 60فیصد نمبرات حاصل کرنے والے طلبا بھی اسکالر شپ حاصل کرسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کیلئے فخر ہیں اور ریاست کے مستقبل ہیں اس موقع پر ہر ایک طلبہ کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایک لیپ ٹاپ اور کتابوں کا تحفہ دیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ”اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ“پر بھی بات کی۔
ورچوئل استقبالیہ تقریب میں مدھیامک، ہائر سیکنڈری اور جوائنٹ انٹرنس امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے ہر ضلع کے طلبا موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے زیادہ سے زیادہ طلبا کو اسکالر شب فراہم کرنے کیلئے 75فیصد نمبرات کی شرط ختم کردی ہے۔اب 60 فیصد نمبرات حاصل کرنے والے طلبا بھی اسکالر شپ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اقلیتی طلبا کیلئے ممتا بنرجی نے اوکیا شری، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے طلبا کیلئے سکھشا شری کیلئے بھی نمبرات کی شرط میں نرمی کرنے کا اعلان کیا۔ممتابنرجی نے مدنی پور، بردوان، مرشد آباد، مالدا اور ندیا اضلاع کے طلباء سے ایک ایک کرکے بات کی۔