دہرادون: اتراکھنڈ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے آج کا دن کافی ناگوار ثابت ہوا۔ ریاست کے الموڑہ، اترکاشی میں ہوئے حادثات میں دہرادون ضلع میں ایک گاڑی پر پتھر گرنے سے تین افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔دہرادون ضلع کے پولیس ترجمان کے مطابق آج صبح تقریباً 11 بجے پولیس اسٹیشن کلسی کوٹی روڈ (تونیا کے قریب) پر ایک گاڑی پر پہاڑی سے ایک بڑا پتھر گرگیا۔ اس پر پولیس ٹیم نے مقامی لوگوں کی مدد سے جائے واقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی میں کل چھ افراد سوار تھے۔
گاڑی کوٹا دیماؤ گاؤں سے ٹماٹر اور مسافروں کو لے کر سبزی منڈی، وکاس نگر کی طرف جارہی تھی۔ حادثے کے دوران تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ مہلوکین کی لاشوں کو پنچایت نامہ کی کارروائی کرنے کےبعد پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ وکاس نگر روانہ کیا جارہا ہے۔ جبکہ زخمیوں کو طبی علاج کے لیے وکاس نگر بھیجا گیا ہے۔