دہرادون: ریاست اتراکھنڈ کے ضلع پرولا میں انتظامیہ اور پولیس کی سختی کے بعد مہاپنچایت کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے بعد دہرادون میں ہونے والی مسلم مہاپنچایت کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مسلم سیوا تنظیم نے 18 جون کو دہرادون میں مہاپنچایت کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے لیے تنظیم سے وابستہ لوگوں نے جمعرات کو ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اشوک کمار سے ملاقات کی تھی۔
واضح رہے کہ دہرادون میں مسلم سیوا تنظیم نے مہاپنچایت منعقد کرنے کی کال دی تھی۔ 18 جون کو مجوزہ مہاپنچایت کے دوران ضلع پرولا میں ماحول کو خراب کرنے اور مسلم برادریوں کے ساتھ ناانصافی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی تھی۔ جمعرات کو مسلم تنظیم سے وابستہ لوگوں نے اس سلسلے میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے ملاقات کی۔ انہوں نے ضلع میں مسلم کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کے سلسلے میں اب تک کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولس نے مسلم سیوا تنظیم کے عہدیداروں سے 18 جون کو ہونے والی مجوزہ مہاپنچایت کو ملتوی کرنے کو کہا ہے۔