ریاست اتراکھنڈ میں اب اردو زبان کے سائن بورڈ ریلوے اسٹیشنز میں نہیں دکھیں گے، کیوںکہ شمالی ریلوے انتظامیہ کی طرف سے جاری کیے گئے نئے دستور کے مطابق اب اردو کی جگہ سنسکرت زبان کا استعمال کیا جائے گا۔
موجودہ وقت میں ریاست اتراکھنڈ میں ریلوے اسٹیشنز میں سائن بورڈز کا نام ہندی، انگریزی اور اردو میں لکھا ہوا ہے، اور جلد ان زبانوں میں سے اردو ہٹا کر سنسکرت زبان شامل کی جائے گی۔
شمالی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر دیپک کمار کا کہنا ہے 'شمالی ریلوے کے نئے دستور کے مطابق اب اتراکھنڈ میں ہندی، انگریزی اور سنسکرت زبانوں میں ریلوے اسٹیشنز کے سامنے سائن بورڈ لگائے جائیں گے'۔
ریلوے انتظامیہ کے نئے دستور کے مطابق ریاست کی نجی زبانوں کو زیادہ ترجیح دی گئی ہے، اور سنہ 2010 میں سنسکرت زبان کو ریاست میں دوسرا درجہ دیا گیا تھا، یہی وجہ ہے کہ ریلوے اسٹیشنز پر اب سنسکرت زبان کو سائن بورڈز پر لکھا جائے گا۔