دہرادون: ریاست اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون سے تعلق رکھنے والی مسلم خاتون ٹیکسی ڈرائیور عمرانہ اولا کیب چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتی ہیں۔ عمرانہ کی ہمت کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ عمرانہ کہتی ہیں کہ کوئی کام چھوٹا نہیں ہوتا۔ انہیں بچپن سے ہی کار چلانے کا شوق تھا، انہوں نے اپنے شوق کو پیشہ بنا لیا۔ اس کام میں انہیں معاشرے کا بھرپور تعاون بھی مل رہا ہے۔ عمرانہ نے گھر کی دہلیز عبور کرکے ٹیکسی کی اسٹیئرنگ سنبھالی تو وہ ہزاروں لوگوں کے لیے تحریک بن گئیں۔ ہر کوئی ان کی کوششوں کو سراہ رہا ہے۔ عمرانہ کا کہنا ہے کہ کوئی خاص وجہ نہیں تھی کہ انہیں گاڑی چلانی پڑ رہی ہے، انہیں صرف کار چلانے کا شوق تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیم کے دوران والد شکیل احمد نے انہیں کار سیکھنے کی ترغیب دی تھی۔ اس کے بعد کار ڈرائیونگ اسکول میں کار چلانا سیکھا۔ کئی برسوں کے بعد انہیں احساس ہوا کہ انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے اور خود کفیل بننا چاہیے، اس لیے انہوں نے نوکری تلاش کرنے کے بجائے کار ڈرائیونگ کو اپنا کریئر بنایا۔