لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سپریم کورٹ کے حکم پر نوئیڈا میں تعمیر شدہ کثیر منزلہ رہائشی عمارت ٹوئن ٹاورز کو گرانے کے دوران حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا ہے۔Noida Supertech Twin Towers
وزیر اعلی یوگی نے جمعہ کو ٹوئن ٹاورز کو گرانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جائزہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ 28 اگست کو ارد گرد کے رہائشی کمپلیکس کو انتہائی احتیاط کے ساتھ صبح سویرے خالی کرایا جاناچاہئے ۔ مقامی انتظامیہ 28 اگست کو دوپہر 02:30 بجے جڑواں ٹاورز کو گرائے جانے سے پہلے صبح اپنے پڑوس میں میں واقع ایمرالڈ کورٹ اور اے ٹی ایس ولیج سوسائٹی کو خالی کرا دے گی۔ اس دوران ٹوئن ٹاورز کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ یہاں تک کہ نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے بھی انہدام کے وقت آدھے گھنٹے تک بند رہے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جڑواں ٹاورز کو گرانے کے لیے دونوں ٹاورز میں 9600 سوراخوں سے 3700 کلو گرام دھماکہ خیز مواد بھرا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 26 اہلکاروں، ملازمین، بلڈروں اور آرکیٹیکٹس کے خلاف اب تک کارروائی کی جا چکی ہے، جنہیں تعمیراتی کمپنی سوپرٹیک کے ذریعے جڑواں ٹاوروں کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کا قصوروار پایا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اس معاملے کی انکوائری کی گئی تھی۔