اترپردیش کی بی جے پی حکومت پر سابق سماج وادی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے پروجکٹوں کو اپنا نام دینے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ذات پات کو فروغ دینے اور مسلم سماج کی ہراسانی میں اول مقام پر ہیں۔
یادو نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ یوگی حکومت کو جھوٹ بولنے میں نمبر ون کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ اس حکومت کو ایس پی کی اسکیمات کو اپنا بتانے کے بجائے 'انتخابی منشور' میں کئے گیے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے۔
پوروانچل ایکسپریس وے اور میٹرو ریل کی تعمیر کا آغاز ایس پی کے میعاد میں ہوا تھا۔ وہیں ریاست میں ایمس کی تعمیر کے لیے ان کی حکومت نے ہی مرکز کو زمین دینے کی تجویز دی تھی۔ اس کے علاوہ کئی پروجکٹز ان کی حکومت کے ہی میعاد کار میں شروع ہوچکے تھے جنہیں موجودہ حکومت اپنی حصولیابی بتا کر اپنی پیٹھ تھپتھپا رہی ہے۔
سال 2022 کے اسمبلی انتخابات میں 351 سیٹوں پر کامیابی درج کرنے کا دعوی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سبھی طبقات کے افراد کو ساتھ لے کر چلے گی اور اگلے انتخابات میں مکمل اکثریت حاصل کرے گی۔
کورونا وائرس کے حملے سے بچنے کے لئے یوگی حکومت کے احتیاطی تدابیر کو ناکافی بتاتے ہوئے ایس پی سربراہ نے کہا کہ لوگوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے لئے صرف محتاط رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی نے اپنے سبھی پروگرام منسوخ کردئیے ہیں اور کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نوراتر پر عمل اپنے گھروں میں رہ کررہی انجام دیں۔ اب 22 اپریل کے بعد ہی ایس پی اپنے پروگراموں کو رفتار دے گی۔