علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و ہسپتال کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیماردار میڈیکل کالج کی جانب سے مریضوں کو دیئے جانے والے کھانے میں سویابین کی سبزی ہاتھ میں لے کر اس میں موجود سفید رنگ کے چھوٹے چھوٹے کیڑوں کو دکھا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو جیسے ہی میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر حارث خان کے پاس پہنچی تو فورا ہی مریضوں میں تقسیم ہونے والی سبزی کو روک کر دوسری سبزی تقسیم کروائی گئی اور تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔
وارڈ نمبر آٹھ میں موجود تیمارداروں اور مریضوں نے بتایاکہ آج دوپہر جب وارڈ میں کھانا تقسیم کیا جارہا تھا تو سویابین کی سبزی میں کیڑے تیرتے ہوئے دکھائی دئے جس کی شکایت کرنے کے بعد سبزی تقسیم ہونے سے روکوا دی گئی۔ کھانے میں کیڑے دیکھ کر ہم نے کھانا نہیں کھایا۔ بعد میں کھانا تبدیل کروا دیا گیا تھا۔ تیمارداروں نے اس کو ایک بڑی لاپرواہی بتائی۔