موصولہ اطلاع کے مطابق سہارنپور تھانہ صدر بازار علاقہ حقیقت نگر میں واقع سہگل نرسنگ ہوم کی ڈاکٹر انجو سہگل جن کا نام ہمیشہ کیس خراب کرنے اور غلط آپریشن کو لے کر سرخیوں میں رہتا ہے، گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر سشما زوجہ راج بیر ساکن منڈی کھیڑی تھانہ رام پور منہیاران کو لے کر سرخیوں میں ہے۔
سشما کے شوہر راج بیر نے بتایا کہ جب وہ اپنی بیوی کو لے کر الٹرا ساؤنڈ کرانے کے لیے ڈاکٹر کے پاس پہنچا تو اس نے زبردستی اس کی بیوی کا آپریشن کردیا۔ اور کہا کہ مریض کے پیٹ میں رسولی ہے جس کی وجہ سے آپریشن کرنا ضروری ہے۔ کسی بھی وقت مریض کی جان جاسکتی ہے، اہل خانہ نے پیسے نہ ہونے کی بات بھی کہی تھی، اس کے باوجود ڈاکٹر نے 13ہزار روپے کا خرچ بتاکر بغیر ان کی مرضی کے آپریشن کردیا۔
علاج کے دوران خاتون کی موت، اہلخانہ کا ڈاکٹر پر الزام آپریشن غلط ہونے کی وجہ سے مریض کی حالت خراب ہوگئی، جس کے بعد ڈاکٹر انجو سہگل نے فوراً مریض کو دہلی روڈ پر واقع ماں جگ دنبا ہسپتال ریفر کردیا جہاں اس کی حالت مزید خراب ہوگئی۔ تفصیل معلوم کرنے پر ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے مریض کی حالت پہلے ہی نازک تھی جس کے بعد خاتون کی موت ہوگئی۔
ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر کب تک اس طرح کے ڈاکٹر غریب مریضوں کی جان سے کھیلتے رہیں گے، خاتون کے اہل خانہ نے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سہگل نرسنگ ہوم کے سامنے احتجاج کیا۔ مہلوک خاتون کے بیٹے نے بھی خاتون ڈاکٹر پر غلط علاج کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کی والدہ کا صحیح علاج کیا جاتا تو ان کی زندگی بچ سکتی تھی۔