مئو ضلع کی شناخت بنکر صنعت کے اہم مراکز میں ہوتی ہے۔ ضلع کے بیشتر قصبے بنکروں کی کثیر آبادی پر مشتمل ہیں۔ مئو میں ابتدائی دور سے نصب ہینڈلوم کی جگہ اب پاور لوم نے لے لی ہے۔ پاور لوم صنعت کے لئے بجلی کی بہتر سپلائی نہایت ضروری ہے، لیکن گزشتہ کچھ ماہ سے مئو ضلع کے چھوٹے قصبوں میں بجلی سپلائی بے حد ناقص ہو گئی ہے۔ اس کا براہ راست اثر بنکروں کے کاروبار پر ہو رہا ہے۔
مئو ضلع کے محمد آباد گوہنا، ادری ٹاؤن ایریا، خیرآباد، گھوسی سمیت تقریباً ایک درجن قصبوں میں بنکروں کی کثیر آبادی مقیم ہے۔ یہاں بنکر کا کاروبار بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔
بنکروں کے کاروبار کی بہتری پر ہی یہاں کے باشندوں کی آمدنی منحصر ہے۔ بجلی کی خراب صورتحال سے یہاں کے بنکروں کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔