اپنی حکومت کے تین سال کا رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال 2017 میں جب ان کی حکومت اقتدار میں آئی تھی تو اس وقت نظم ونسق ایک اہم چیلنج تھا۔ جمہوری اقدار اور اصولوں سے عوام الناس کا اعتبار ختم ہوچکا تھا۔ان کی حکومت نے اس چیلنج سے اچھی طریقے سے نپٹا ہے۔
گذشتہ تین سالوں میں ریاست میں ایک بھی فساد نہیں ہوا بلکہ آج اترپردیش سرمایہ کاروں کی پہلی پسند بن چکا ہے۔ان کی حکومت نے جرائم پیشہ افراد پر شکنجا کسنے کے ساتھ پولیس کی جدید کاری کی سمت میں پوری شدت کے ساتھ کام کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے بڑی تعداد میں سرکاری بھرتیاں کی گئی ہیں۔
ریاستی پولیس میں 1.37 لاکھ بھرتیاں کی گئی ہیں۔’ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ‘اسکیم سے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔ ریاستی حکومت کی کوششوں سے ریاست میں فی کس آمدنی اب بڑھ کر 70 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
یوگی نے کہا کہ نوجوانوں کو خودکفیل اور کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی سمت میں ریاستی حکومت تیزی سے کام کررہی ہے وہیں بجلی کے شعبہ میں اترپردیش خودکفالت حاصل کرچکا ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی کئی اسکیمات کو غریب اور محروم طبقات تک پہنچانے کا کام ان کی حکومت نے کیا ہے۔ گذشتہ تین سالوں میں 1.67 لاکھ گھروں میں بجلی پہنچائی گئی ہے جبکہ30 لاکھ غریب کنبوں کو گھر دئیے گئے۔