عالمی کورونا کی دوسری لہر نے ملک بھر میں بالخصوص شمالی ہند کی متعدد ریاستوں میں خوفناک ماحول پیدا کیا ہے۔ ان ریاستوں میں اتر پردیش کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولیات کا فقدان ہے۔ تاہم ان سب کے باوجود ریاست کچھ اضلاع کے اعلی افسران کی جانب سے وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے نتائج رفتہ رفتہ اب سامنے آرہے ہیں۔ اور کورونا متاثریں کی تعدادمیں بھی کمی آرہی ہے۔انہی اضلاع کی فہرست میں وارانسی سر فہرست ہے۔
ضلع وارانسی کے مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت میں کہا کہ اپریل کے مہینے میں وارانسی کورونا کی دوسری لہر کے شدید زد میں تھا ۔ اور روزانہ کی بنیاد پر دو ہزار سے زائد مریض سامنے آرہے تھے۔ اس وقت بنارس میں ہاسپٹل میں بستروں کی کمی بھی دکھائی دی دے رہی تھی۔ اس کے ساتھ آکسیجن کی بھی قلت تھی اور دوائیوں کی بھی قلت کا سامنا تھا۔ تاہم بنارس ضلع انتظامیہ نے ان تمام تر سمت میں سنجیدگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائے۔ اور جس کا یہ نتیجہ ہے کہ کوورنا وائرس کے سبب پیدا شدہ حالات پر 20 دنوں کے اندر ہی قابو پا لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آکسیجن فراہمی پر انتظامیہ نے توجہ دی۔ مختلف ریاستوں سے آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے۔ اس کے بعد ہسپتال میں بستروں کی فراہمی اور دوائیوں کی دستیابی پر زور دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے ٹیسٹ میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔ وہیں ویکسینیشن کی مہم بھی جاری رہی۔ ڈی آر ڈی او کے ذریعہ عارضی طور پر 750 بستروں پر مشتمل ہسپتال تیار کیا گیا۔ بنارس کے دن دیال اپادھیائے ہاسپٹل میں آکسیجن پلانٹ بھی لگایا گیا۔ اور جزوی طور پر لاک ڈاؤن نافذ کر کے کورونا روک تھام کےلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ جس کا نتیجہ سامنے آ رہا ہے اور گزشتہ پیر کے روز مجموعی طور پر 239 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں پنچایتی انتخابات کے بعد ہی گاؤں میں بڑے پیمانے پر کورونا جانچ مہم کا آغاز کیا گیا۔ تین مئی سے 15 مئی تک 18 سو ٹیمیں تشکیل دی گئی۔ جو 6 سو سے زائد گاؤں میں پہنچ کر دوائیاں تقسیم کیں۔ اور کورونا ٹیسٹ کیا۔ پورے ضلع میں روزانہ کی بنیاد پر نو ہزار کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ اس کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال وارانسی میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے۔