اترپردیش کے دیوبند میں کورونا وائرس کی دستک کے بعد دارالعلوم دیوبند انتظامیہ کے ذریعہ گزشتہ اپریل ماہ کے پہلے ہفتے میں ہونے والے سالانہ امتحان کو ملتوی کر دیا گیا تھا اور چھٹی کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
دارالعلوم دیوبند کے سالانہ امتحانات رد اس کے بعد ادارے کے زیادہ تر طلبہ اپنے گھروں کو لوٹ گئے تھے۔ ملک کے سب سے بڑے اسلامک تعلیمی ادارے میں سالانہ امتحانات کرانے کے لئے کورونا جیسی مہاماری کے ختم ہونے کا انتظار کیا جا رہا تھا
لیکن ملک میں کورونا کے بڑھتے مریضوں دیکھ کر منگل کے روز دارالعلوم دیوبند میں ہوئی مجلس کی میٹنگ میں ادارہ کے سالانہ امتحان کو رد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے تمام طلباء کو پاس کر دیا جائے گا ۔ انہیں اگلی جماعت میں بھیج دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ادارے میں نئے داخلہ کے لیے ہونے والے امتحان کی تاریخوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اس سال دارالعلوم دیوبند میں کسی بھی نئے طالبعلم کا داخلہ نہیں ہوگا۔ انچارج مولانا خورشید گیاوی نے مجلس تعلیم کے ذریعہ لیے گئے ان تمام فیصلوں کی تصدیق کی ہے ۔ ابھی ادارے کے ذریعہ اس سے متعلق تحریری احکامات جاری نہیں کیے گئے ہیں ۔