سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں ریاست اترپردیش کے رامپور میں تعینات سبکدوش سی ای او آل حسن کو آج ایک مرتبہ پھر پوچھ گچھ کے لئے پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا۔
سبکدوش افسر آل حسن سے دوبارہ پوچھ گچھ - ریاست اترپردیش کے رامپور
سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمان اعظم خان کے قریبی اور رامپور کے سبکدوش سی ای او آل حسن سے رامپور کے مختلف پولیس اسٹیشنز کی پولیس نے اپنے اپنے تھانوں میں درج ایف آئی آر کے مطابق پوچھ گچھ کی۔
جہاں ان سے تھانہ سول لائن، تھانہ کوتوالی اور تھانہ گنج کی پولیس نے اپنے اپنے تھانوں میں درج مقدمات سے متعلق پوچھ گچھ کی۔
آپ کو بتادیں کہ سبکدوش سی او آل حسن کے خلاف مختلف معاملوں میں الگ الگ تھانوں میں تقریباً 27 مقدمات درج ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سماج وادی حکومت میں رکن پارلیمان اعظم خاں اور ان کی جوہر یونیورسٹی کو ناجائز طریقہ سے فائدہ پہنچانے کے لئے کام کیا۔
آل حسن کے خلاف رامپور کے ان کسانوں نے بھی مقدمے درج کرائے ہیں، کسانوں کا الزام ہے کہ ان کی زمینوں کو آل حسن نے ڈرا دھمکا کر اعظم خاں کی یونیورسٹی میں شامل کیا تھا۔ ساتھ ہی رامپور واقع یتیم خانہ کے رہنے والوں نے بھی مقدمے درج کرائے ہیں۔
ایڈیشنل ایس پی ارون کمار سنگھ نے بتایا کہ 'آل حسن سے پوچھ گچھ جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔'
واضح رہے کہ اس سے پہلے 11 مارچ کو آل حسن خاتون پولیس اسٹیشن میں ایس آئی ٹی کے سامنے حاضر ہوئے تھے اور اپنے بیان درج کروائے تھے۔