ریاست اترپردیش کے رامپور میں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی 7 ماہ میں 8 مرتبہ اپنے دورے پر آ چکے ہیں۔ اتنے کم عرصہ میں مسلسل 8 مرتبہ ان کے رامپور پہنچنے پر سیاسی حلقوں کی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ 'اب انتخابات لڑنا نہیں بلکہ دوسروں کو لڑوانا ہے'۔
سات ماہ سے بھی کم عرصہ میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی آٹھ مرتبہ رامپور آ چکے ہیں۔ 8 مرتبہ رامپور دورے کے درمیان انہوں نے 21 دن کا وقت رامپور میں گزارا ہے۔ رامپور میں ان کی سرگرمیوں سے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے ان کی زمینی پکڑ مضبوط ہوسکتی ہے۔
حالانکہ نقوی کا کہنا ہے کہ رامپور ان کی کرم بھومی ہے اور وہ یہاں کے لوگوں سے بے حد محبت و انسیت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ نقوی نے سیاسی مبصرین کی تمام قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی بار بار رامپور آتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی آتے رہیں گے، لیکن وہ اب خود انتخابات نہیں لڑیں گے بلکہ دوسروں کو موقع دیں گے اور انہیں انتخابات لڑائیں گے۔