وارانسی: مرکزی وزیر اشونی چوبے ہفتہ کو وارانسی میں ٹیمپل کنونشن کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے گیانواپی میں متنازع مقام کا سروے کرانے کے عدالتی فیصلے پر متنازع بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام جنم بھومی پر کیے گئے اے ایس آئی سروے کی طرح گیان واپی میں اے ایس آئی سے سروے کرنے کے بعد چیزیں واضح ہو جائیں گی۔ مستقبل میں یہاں بھی رام مندر کی طرح سب مل کر گیان واپی مندر کی طرح شاندار تعمیر کرائیں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے گیان واپی میں سائنسی سروے کے عدالتی فیصلے پر متنازع تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ''مجھے لگتا ہے کہ عدالت نے جو بھی فیصلہ دیا ہے وہ سوچ سمجھ کر دیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ عدالت کا فیصلہ عوامی جذبات کا احترام کرے گا۔ ایودھیا کا سائنسی سروے بھی کیا گیا تھا۔ وہاں سب کچھ ثابت ہوا۔ میرے خیال میں ہماری آستھا کے جو بھی مراکز ہیں وہ سبھی ثابت ہوں گے۔ گیان واپی مندر بنے گا۔ گیان واپی مندر کا مستقبل بہت روشن ہوگا اور سب مل کر اسے بنائیں گے۔ جس طرح ایودھیا میں رام کا مندر بنایا جا رہا ہے۔ اسی طرح یہاں بھی گیانواپی مندر بنے گا۔''
قابل ذکر ہے کہ وارانسی کی ضلع عدالت نے وضوخانے کو چھوڑ کر گیان واپی مسجد کمپلیکس کے سائنسی سروے کرانے کا فیصلہ سنایا۔ مقامی عدالت نے اس معاملے میں مسلم فریق کی سروے پر روک لگانے کی عرضی کو مسترد کر دیا۔