ریاست اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے موضع مخدوم پور سے تعلق رکھنے والے حافظ ابوالبشر اصلاحی ایک مدرس ہیں اور ان کے گھر میں تعلیمی ماحول ہے ان کے پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں حافظِ قرآن ہیں اور ابھی بھی تعلیمی سلسلہ جاری ہے۔ حافظ ابو البشر ایک مدرسے میں پڑھاکر اپنے اہل خانہ کی ضرورتوں کو پورا کرتے ہیں۔
حافظ ابو البشر کی 19 سالہ چھوٹی بیٹی اُمّ حنیفہ حفظ مکمل کرنے کے ساتھ عالمیت کررہی ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کے دوران نافذ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چار ماہ کی قلیل مدت میں قرآن شریف کی کتابت کرکے ایک اہم کام کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے حافظ ابو البشر نے بتایا کہ ہماری بچی بچپن سے ہی بہت ذہین ہے، نو سال میں ہی اس نے قرآن شریف کا حفظ مکمل کرلیا تھا، بچی نے موبائل پر ویڈیو دیکھ کر لاک ڈاؤن کے اوقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قرآن شریف کی کتابت کو مکمل کیا، ہم لوگوں نے اس کی حوصلہ افزائی کی، اس کام کی وجہ سے مجھے اتنی خوشی ملی ہے جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا اور دوسرے بچوں کے لیے یہ مشعلِ راہ ہے۔