ریاست اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کے رحمت نگر میں جہیز میں بھینس نہ ملنے کی وجہ سے شوہر نے بیوی کو تین طلاق دے دیا۔ متاثرہ نے معاملے کی شکایت ایس ایس پی سے کی ہے۔
دراصل ضلع کے کٹگڑھ تھانہ کے علاقہ رحمت نگر کی رہائشی شمع کی شادی جنوری 2014 میں سنبھل کے گاؤں بھارتل کے رہائشی مشاہد حسین سے ہوئی تھی۔ شمع کا الزام ہے کہ شادی کے پہلے دن سے ہی سسرال والوں نے جہیز کا مطالبہ شروع کردیا تھا۔ جہیز نہ ملنے کے سبب شوہر نے اس کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔
شوہر اپنی بیوی شمع سے جہیز میں بھینس کا مطالبہ کرتا رہا۔ وہیں کسی طرح شمع کے نانا نے تیس ہزار روپے کا بندوبست کرکے بھینس خرید کر دے دیا۔ اس کے بعد کچھ دنوں تک سب کچھ ٹھیک رہا۔ لیکن کچھ ہی دنوں بعد سسرال والوں نے شمع کو دوبارہ ہراساں کرنا شروع کردیا اور پھر سے بھینس کا مطالبہ شروع کر دیا۔ بھینس نہ ملنے کی وجہ سے شوہر نے تین طلاق دیتے ہوئے شمع کو بچوں سمیت گھر سے نکال دیا۔