ریاست اترپردیش کے مئو میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے کامریڈ لیڈر ذوالفقار کی یوم وفات کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کی گئی۔
80 کی دہائی میں مشرقی اترپردیش میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا پرچم بلند کرنے والے کامریڈ رہنما ذوالفقار کا شمار بھارت کے معروف سیاستدانوں میں کیا جاتاہے۔
انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں پسماندہ طبقات کے حق کے لئے آخری وقت تک جدوجہد جاری رکھی، جس کی جھلک منعقد پروگرام کے دوران صاف طور پر نظر آئی، جہاں ہندو اور مسلم دونوں مذاہب کے لوگوں نے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔
پروگرام میں شامل سابق رکن اسمبلی کامریڈ امتیاز نے کہا کہ 'کامریڈ ذوالفقار ایک اچھے انسان تھے' جنہوں نے ظلم کے خلاف ہمیشہ جنگ جاری رکھی، انہوں نے کہا کہ کامریڈ ذوالفقار نے کسانوں اور مزدوروں کے حق کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھائی۔
وہیں، اترپردیش کسان سبھا کے ریاستی نائب صدر رام ناراین سنگھ نے کہا کہ 'کامریڈ ذوالفقار جیسی شخصیت کی ملک کی موجودہ صورتحال میں سخت ضرورت ہے، کامریڈ ذوالفقار مظلوموں اور غریبوں کے بنیادی حقوق کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہے اس دوران ان کو پسماندہ طبقات کے حق کی لڑائی میں کئی بار سلاخوں کے پیچھے بھی جانا پڑا تھا۔
اس موقع پر پروگرام میں شامل لوگوں نے کسانوں کی ملک گیر تحریک کی بھی حمایت کی اور تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔