ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں پولیس نے پنچایتی انتخابات کے پیش نظر خصوصی چیکنگ مہم نے شراب مافیاوں کے لئے مشکلات کھڑی کردی ہیں، چیکنگ کے دوران تھانہ جیور پولیس نے تین شراب اسمگلرز کو گرفتار کیا اور ان کے پاس سے شراب کی 25 پیٹیاں برآمد کی ہیں۔
پولیس تھانہ جیور کے انچارج انسپکٹر امیش بہادر سنگھ نے بتایا کہ مخبر سے اطلاع ملنے پر رینھاڑہ گاؤں کے قریب تین شراب اسمگلرز دنیش، منوج اور سچن کو گرفتار کیا اور ان سے شراب کی 25 پیٹیاں برآمد کی ہیں۔
انسپکٹر امیش بہادر سنگھ کے مطابق تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ یہ شراب پنچایت انتخابات میں ووٹرز کو تقسیم کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی، جس کے بعد محکمہ ایکسائز نے تھانہ سورج پور علاقے کے گاؤں جوناپڈ میں واقع شراب کے ٹھیکوں کو سیل کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سورج پور تھانے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، پولیس نے وہاں سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ضلع اکسائز آفیسر راکیش بہادر نے بتایا کہ پنچایتی انتخابات کے مد نظر اس طرح کی مہم جاری رہے گی تاکہ غیر قانونی شراب کی فروخت اور اس کی اسمگلنگ پر قابو پایا جا سکے۔