وزیر اعظم دفتر کی ہدایت پر ڈی آر ڈی او نے بی ایچ یو اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہسپتال بنانے کے لیے سروس شروع کر دی ہے اور تقریباً 15 دنوں میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال تیار کر لیا جائے گا۔
گذشتہ پیر کو رکن اسمبلی اے کے شرمانے کی قیادت میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں عارضی اسپتال بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اے کے شرمانے کے مطابق یہ ہسپتال جرمن ہینگر سے تعمیر کیا جائے گا جو آئندہ 15 دنوں میں تیار ہوجائے گا۔
ڈی آر ڈی او کی ٹیم مسلسل 24 گھنٹہ کام کر کے اس ہسپتال کو تیار کرے گی۔ ہسپتال میں بجلی، پانی سیور کنکشن کے لیے افسران نے جائزہ لے لیا ہے جبکہ یہاں فارمیسی آکسیجن سپلائی وینٹیلیٹر کی سہولتیں بھی دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بنارس وزیراعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ ہے اور گزشتہ اتوار کو وزیر اعظم نے جائزہ میٹنگ طلب کی تھی جس میں بنارس کے اعلی افسران سیاسی رہنما اور ڈاکٹرز شامل تھے۔