علی گڑھ:عالمی یوم ذیابیطس پر خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حامد اشرف نے حاضرین کو بتایا کہ ہندوستان میں دنیا میں ٹائپ 1 ذیابیطس کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر مریض 30 سال سے پہلے ہی فوت ہو جاتے ہیں۔ وسائل کی کمی والے علاقوں میں ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریض کی دیکھ بھال آسان نہیں ہوتی۔ انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی سینٹر برائے ذیابیطس و اینڈو کرائنولوجی میں ٹائپ 1 ذیابیطس ملیٹس کے لیے نوو نورڈسک ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم سینٹر آف ایکسلینس، 18 سال سے کم عمر کے مریضوں کو مفت انسانی انسولین اور انسولین پین فراہم کر کے عمدہ کام کر رہا ہے۔ یہ مرکز ٹائپ 1 ذیابیطس کے علاج کے بارے میں ضروری طبی معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Diabetes in JK: جموں وکشمیر میں تین لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کے شکار
پروگرام کے دوران مدیحہ نے ٹائپ 1 ذیابیطس کی ذاتی آزمائش اور اپنے تجربہ پر مبنی ایک پرزنٹیشن دیا۔ اس کے بعد ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ایک کوئز (افواہ بمقابلہ حقائق) کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک پینل ڈسکشن میں پروفیسر جمال احمد، سابق ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، اے ایم یو، ڈاکٹر عاصم صدیقی، کنسلٹنٹ اینڈو کرائنولوجسٹ، اندر پرستھ اپولو اسپتال، نئی دہلی، ڈاکٹر سید محمد رازی، کنسلٹنٹ اینڈو کرائنولوجسٹ، سری سائی اسپتال، مرادآباد، اور ڈاکٹر ارشد باری، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ فزیکل ایجوکیشن، اے ایم یو نے اپنے تجربات سے مستفید کیا۔
پروفیسر جمال احمد نے ذیابیطس کی مختلف اقسام، ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں میں زندگی بھر انسولین کی ضرورت، انسولین کی اقسام اور ہائپوگلائسیمیا کے علاج پر گفتگو کی۔ ڈاکٹر عاصم صدیقی نے ذیابیطس ملیٹس کی علامات، انسولین کے استعمال، ٹائپ 1 ذیابیطس ملیٹس کے علاج میں ہونے والی جدید ترین تکنیکی ترقیات اور ذیابیطس کی طویل مدتی پیچیدگیوں پر اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر سید محمد رازی نے ٹائپ 1 ذیابیطس کے خطرے کے عوامل، خون میں گلوکوز کی نگرانی، علاج کے اہداف، ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں کی غذا، اور ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریضوں میں پیدا ہونے والے مسائل پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ارشد باری نے بڑھے ہوئے خون میں گلوکوز کو کنٹرول کرنے میں ورزش کے کردار، ٹائپ 1 ذیابیطس کے مریض کس قسم کے کھیلوں میں حصہ لے سکتے ہیں،
ٹائپ 1 ذیابیطس والے بچوں پر اسکرین ٹائم کے اثرات، ورزش کی مختلف اقسام اور ورزش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر عائشہ احمد، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اطفال، اے ایم یو نے پینل ڈسکشن کی نظامت کی۔ اس پروگرام میں ٹائپ 1 ذیابیطس کے 100 سے زائد مریضوں نے اپنے والدین کے ساتھ شرکت کی۔ ڈاکٹر حامد اشرف نے اپنے رفقاء اور عملے کے اراکین بشمول پروفیسر ایس ایس صدیقی اور ڈاکٹر احمد عالم کا مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے مریضوں کی خاطر خواہ مدد کے لئے ذیابیطس ایجوکیٹرز سید فخر الحجاز اعظمی اور یسریٰ ذاکر کا بھی شکریہ ادا کیا۔