لکھنو: اتر پردیش پولیس کے ذریعے عبادت گاہوں پر لگائے گئے لاؤڈ سپیکر کو ہٹانے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ اس کے لیے یو پی پولیس کی خصوصی ہدایت ہے کہ روزانہ صبح پانچ بجے سے سات بجے تک ریاست کے سبھی اضلاع میں سینیئر افسران کے قیادت میں عوامی مقامات و مذہبی مقامات پر نصب لاؤڈ سپیکر و امپلیفائر ڈیوائسز کے خلاف خاص مہم چلا کر کاروائی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ دنوں میں اس مہم کے تحت 61399 مذہبی مقامات پر لگے لاؤڈ سپیکر کی جانچ کی گئی جس میں 7288 لاؤڈ سپیکر کی اواز کم کرائی گئی جبکہ 3238 اسپیکرز مذہبی مقامات سے اتروائے گئے۔
سما ج وادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے ای ٹی وی بھارت اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش حکومت ایک خاص طبقے کو نشانہ بنانا چاہ رہی ہے۔اس مہم کے پیچھے حکومت کے سیاسی عزائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر حکومت فرقہ وارانہ ماحول بنا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مہم سے زیادہ تر مساجد متاثر ہو رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔