لکھنو: شہر کی ایک فعال شخصیت جمعیت علماء لکھنو کے سینئر نائب صدر ، جمعیة القریش اترپردیش کے سکریٹری ، مشہور ملی ، سماجی کارکن چودھری آل عمر قریشی کا حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب اچانک انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً75 سال تھی۔گزشتہ شب انہیں اچانک شدید قلبی دورہ پڑا ، جب تک گھر والے کچھ سمجھ پاتے ان کی روح جہاں فانی سے پرواز کرگئی۔ چودھری آل عمر قریشی مذکورہ تنظیموں کے علاوہ بھی متعدد تنظیموں سے عملی طورپروابستہ رہے اورتعلیمی، ملی و سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے۔
ملی و سماجی کارکن چودھری آل عمر قریشی کا انتقال، عیش باغ میں تدفین
social activist Chaudhary Al Umar Qureshi passed away, buried in Aish Bagh لکھنو کی شمہور و معروف شخصیت چودھری آل عمر قریشی کا حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب اچانک انتقال ہوگیا۔
Published : Jan 6, 2024, 5:12 PM IST
انہوں نے ایک تعلیمی ادارہ بھی قائم کیا اور متعددتعلیمی اداروں سے کسی نے کسی طورپر وابستہ رہے۔ اس کے علاوہ شہر میں ہونے والی عوامی کاموں میں بھی ان کی کسی نہ کسی شکل میں شرکت ضروررہتی تھی۔ اپنی فعالیت کے سبب وہ پورے شہر ہی نہیں بلکہ بیرون شہر میں بھی مشہور تھے۔ 80کے دہائی میں ان کا نام عمر ہ پر جانے والوں کے سفری انتظامات کرانے والوں میں بھی پیش پیش تھا۔
مرحوم کی پہلی نمازجنازہ قصائی باڑہ کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ہوئی اوردوسری نماز جنازہ عیش باغ بڑ ی مسجد کی جنازہ گاہ میں ہوئی اور وہیں عیش باغ چمن جدید میں ان کی تدفین عمل میں آئی، جس میں بڑی تعداد میں متعلقین نے شرکت کی۔ ان کے بھتیجے سابق کارپوریٹرچودھری نہال قریشی نے بتایاکہ مرحوم کے پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں اور بھر پورا خاندان ہے۔
ان کے انتقال پر جمعیت علماءاترپردیش کے صدر مولانا عبدالرب قاسمی اعظمی ، خازن سید محمد حسین ہاشمی اور دیگر عہدیداروں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقین سے تعزیت مسنونہ کیا ہے۔ ساتھ ہی جمعیت علماءکے تمام متعلقین اور ائمہ و مدارس کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے وہ مرحوم کے لیے اپنے اپنے طور پر ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔ آل انڈیا سنی یوتھ فیڈریشن کے بانی و کنوینر حاجی مشرف حسین، اراکین خالد حلیم خاں ، عبداللہ عمر ایڈوکیٹ وغیرہ نے چودھری آل عمر کے انتقال کو ملت کا بڑا خسارہ قرار دیا ہے۔ اراکین فیڈریشن نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔
ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین عبدالنصیر ناصر ، جمعیة القریش کے قومی جنرل سکریٹری شہاب الدین قریشی، ریاستی سکریٹری وسابق کارپوریٹر محمد اشفاق قریشی، قریش ویلفیئر فاونڈیشن کے محمد عرفان قریشی، امن شانتی کمیٹی کے بانی محمد عمران قریشی، وغیرہ نے بھی چودھری آل عمرقریشی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔