علیگڑھ:کورونا وبا کی وجہ سے ملک میں گذشتہ دو برسوں سے تمام مذہبی تقریبات اور مجالس کے انعقاد کو محدود کردیا گیا تھا، لیکن رواں برس تمام پابندیوں کے ختم ہونے کے بعد محرم کا تہوار روایتی انداز میں منایا جارہا ہے۔ محرم کی دس تاریخ کو علیگڑھ کے مختلف علاقوں سے جلوس نکالا جائے گا، جس سے متعلق علیگڑھ شہر مفتی محمد خالد حمید، اے ایم یو شیعہ تھیالوجی کے صدر شعبہ ڈاکٹر محمد اصغر، علیگڑھ کربلا متولی مختار زیدی سمیت دیگر شیعہ سنی اسکالرز نے پریس کانفرنس میں عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے ساتھ جلوس نکالے اور جلوس کے دوران آنے جانے کے لیے اگر کسی کو پریشانی ہوتی ہے تو وہ علیگڑھ انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
علیگڑھ کربلا کے متولی مختار زیدی نے بتایا کہ ماہ محرم میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین کی یاد میں ماتمی جلوس نکالا جاتا ہے۔ یہ جلوس گزشتہ دو برسوں سے کورونا پابندیوں کے سبب نہیں نکالا گیا تھا تاہم اس بار حسب روایت جلوس نکالا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تہوار کی جو بھی روایات ہیں اسی مناسبت سے وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق منایا جا رہا ہے۔