سہارنپور: دیوبند ہائیوے پر پیش آئے دو دردناک حادثوں میں دو نوجوان لڑکیوں سمیت تین کی موت ہوگئی ہے، جبکہ متعدد مرد و خواتین زخمی ہوگئے۔
بدایوں سے پنجاب جانے والی مسافروں سے بھری بس گذشتہ شب دیوبند کے قریب ساکھن نہر کے پاس تیز رفتار کے سبب بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔
بس میں سوار مرادباد کی رہنے والی ایک لڑکی سونم اور 21 سالہ پوجا کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اس کے علاوہ متعدد مسافر شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تمام زخمی مسافروں کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا جبکہ فوت ہونے والی دونوں خواتین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ رات کے 1:30بجے پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ روڑ ویز بس UP-15-BT 8994 بہت تیز رفتا ر سے چل رہی تھی۔ لیکن جیسے ہی بس ساکھن نہر کے قریب پہنچی اچانک بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔ حادثہ کے فوراً بعد مسافروں میں چیخ وپکار اور افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا۔
حادثہ کی جگہ کے قریب واقع ڈھابے پر بیٹھے لوگوں نے حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی اور گاؤں کے لوگوں کی مدد سے زخمی مسافروں کو بس سے باہر نکالا لیکن سونم اور پوجا کی بس کے نیچے دب جانے کی وجہ سے موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
بعد ازاں جے سی بی مشین بلاکر بس کو کھائی سے نکالا گیا اور بس میں پھنسے مسافروں اور فوت ہوجانے والی خواتین کی لاشوں کو نکالا گیا۔ زخمی مسافروں کو اسپتال پہنچانے کے لئے چار ایمبولینس بلائی گئیں۔جبکہ کئی زخمیوں کی تشویش ناک حالت دیکھتے ہوئے چنڈی گڑھ ریفر کردیا گیا۔