ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آر ایس ایس کے قومی رہنما اندریش کمار نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کو تقسیم کرنے والوں کو آزادی دلانے کا تمغہ دے دیا اور جن لوگوں نے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور قربانیاں پیش کیں ان کو بھُلادیا گیا۔ آج ہم نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ان بہادر جوانوں کو جنہوں نے جنگ آزادی میں قربانیاں پیش کی ہیں، روزانہ اپنے گھر میں دیا روشن کرکے یاد کریں۔
'شیخ حسینہ اور اویسی سماج کو تقسیم کرنے کا کام کررہے' انہوں نے کہا کہ ساورکر قوم پرست تھے ان کی قوم پرستی پر کسی کو بھی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ کانگریس پارٹی نے ان کی توہین کرکے ملک کے آئین کی توہین کی ہے۔
دبئی میں بھارت پاکستان کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی متعدد ریاستیں پاکستانی حکمرانوں سے نجات پانا چاہتی ہیں، جس میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان و دیگر مقامات شامل ہیں۔ ہندوستان کی عوام چاہتی ہے کہ چین اور پاکستان کی سرحد خونریزی سے نجات پائے۔ موجودہ وقت میں جو میچ کھیلا جائے گا، یہ ڈپلومیسی اسٹریٹجک کا حصہ ہے۔
بنگلہ دیش میں ہوئے ہندو مندروں اور درگا پوجا پنڈال پر حملے کے خلاف ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسدالدین اویسی اور بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ سماج کو تقسیم کرنے کا کام کررہے ہیں۔ بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر ظلم کے خلاف انہوں نے کوئی قانون نہیں بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ افغانستان میں خواتین کے حقوق کو مزید فروغ دے گا: سیکرٹری جنرل
انہوں نے کہا کہ جب بھارت میں قانون بنایا گیا کہ دیگر ممالک کے اقلیتوں کو بھارتی شہریت دی جائے گی، تو اس کی مخالفت کی گئی، جو کہ غلط تھا۔ اگر شیخ حسینہ اقلیتوں کے خلاف ہورہے مظالم پر قابو نہیں پاتی ہیں تو وہاں کی عوام ان کو اقتدار سے باہر کردے گی۔