علیگڑھ:ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں تین گھنٹے کی بارش نے علیگڑھ میونسپل کارپوریشن سمیت حکومت کے اسمارٹ سٹی کے دعوؤں پر پانی پھیر دیا۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی لوگوں کی گاڑیاں پانی میں رکی ہوئی ہیں تو وہیں طلباء و طالبات کو اسکول جانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کچھ لوگ اپنے گھروں سے کام کے لیے نہیں نکل پا رہے ہیں۔
واضح رہے ضلع علیگڑھ کے کل 70 وارڈوں میں سے 17 وارڈوں میں اسمارٹ سٹی مشن کے تحت شہر کو اسمارٹ بنانے کے کام میں اب تک کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ جن وارڈوں میں اسمارٹ سٹی کا کام ہو رہا ہے وہاں بھی نو تعمیر سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے۔ علیگڑھ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر بار شہر کو بارش کے پانی سے نجات دلانے کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن بارش کے ایام میں اکثر سڑکوں پر جمع پانی ان دعوؤں کو بے نقاب کر دیتا ہے۔ Roads flooded In Aligarh
سڑکوں پر بارش کے پانی سے پریشان راہ گیروں کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں کی بارش میں اس پانی کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ہمیں علیگڑھ کی سڑکوں سے بارش کے پانی سے کبھی نجات نہیں ملنے والی، حکومت اور میونسپل کارپوریشن کے لاکھ دعوؤں کے بعد بھی پانی سڑکوں پر ہی دکھائی دیتا ہے، جس سے خاصی پریشانیوں کا سامنا غریب اور مزدوروں کو کرنا پڑتا ہے کیونکہ امیر لوگ تو کاروں میں بآسانی چلے جاتے ہیں۔ Heavy Rains In Aligarh