بریلی میونسپل کارپوریشن نے اپنے حلقہ میں آنے والی بستیوں، علاقوں اور محلوں میں ایسی تمام سڑکوں کی نشان دہی کی ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے کچّی ہیں اور لوگوں کو وہاں سے گزرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بریلی میں سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ بریلی میونسپل کارپوریشن نے بریلی شہر کی تمام کچّی سڑکوں کو سمینٹیڈ کرکے ہموار بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کے تحت تمام شہریوں کو مضبوط اور سیمینٹیڈ سڑکوں کی سوغات ملنے کے امکانات ہیں۔
پرانی سڑکوں پر نیا تعمیری کام کرانے کے لیے شہر میں کل 276 سڑکوں کی نشان دہی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگر لِنک روڈ کی بات کریں تو ان کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہو سکتی ہے۔
اترپردیش حکومت نے تمام اعلیٰ افسران کو سب سے پہلے سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے کے احکامات دیئے ہیں تو بریلی میں بھی اس کی ہلچل ہونے لگی ہے۔
پرانی سڑکوں کو نئے سرے سے تعمیر کرنے کے تئیں سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ ضلع مجسٹریٹ نے پی ڈبلیو ڈی کے 15 جونیئر انجینیئر کی ایک ٹیم کو بی ایم سی کے دفتر میں اٹیچ کر دیا ہے۔
بی ایم سی کے دائرے میں آنے والے سبھی 80 وارڈ کی تمام کچّی سڑکوں کا معائنے کا کام اِن 15 جے ای کی ٹیم کو الاٹ کیا جائے گا۔ یہ ٹیم پہلے سروے کرے گی اور اپنی رپورٹ تیار کرکے افسران کے سپرد کرے گی۔ اُس کے بعد سڑک تعمیر کا ٹیندر کیا جائےگا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ سنہ 2020 میں شہر کی تمام کچّی سڑکوں کو 70 سے 80 فیصد تک ہموار بنایا جا سکے۔