ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر کی کئی دکانوں میں چپل بنانے والی کمپنی ریلیکسو کی شکایت پر چھاپہ مارا گیا۔ ہندوستان کے بازاروں میں 45 برسوں سے اپنی پہچان بنانے والی ریلیکسو کمپنی نے شکایت درج کروائی ہے کہ کچھ دکاندار ان کی کمپنی کا نام استعمال کرکے نقلی چپل فروخت کررہے ہیں۔
آج دوپہر ریلیکسو فٹ ویئر پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کے دہلی کے جنرل منیجر جگ موہن ببر نے مظفر نگر شہر کوتوالی میں ایک تحریر دی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ ریلیکسو کمپنی کے نام پر نقلی چپلوں کی کالا بازاری ہورہی ہے اور مظفرنگر میں بڑے پیمانے پر ان نقلی چپلوں کو فروخت کیا جارہا ہے۔
کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے شہر کوتوالی پولیس نے کمپنی کے منیجر اور لوگوں کے ساتھ مل کر شہر کے گزری بازار میں واقع پانچ دکانوں پر چھاپے ماری کی۔ جس میں سے چار دکانوں سے ریلیکسو کمپنی کی نقلی چپلیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس چھاپے ماری کے بعد مظفرنگر کے چپل تاجروں میں افراتفری مچ گئی ہے۔