ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نبو عرف نایاب کی جائیداد کو گینگسٹر ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا ہے۔ اس معاملے میں جہاں پولیس کا دعویٰ ہے کہ غیر قانونی طور پر جمع کی گئی جائداد کو ضبط کیا گیا ہے وہیں ملزم کی اہلیہ اور اس کے بھائی کا کہنا ہے کہ پولیس نے بغیر کسی نوٹس اور اطلاع کے اس کارروائی کو انجام دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کی اس کارروائی کے خلاف انصاف کے لئے عدالت جائیں گے۔
رامپور کے گاؤں سیجنی نانکار کا رہائشی نایاب کی رہائش گاہ پر آج بڑی تعداد میں پولیس فورس پہنچی۔ جہاں پولیس نے نبو کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اس کی دو منزلہ عمارت پر مشتمل جائیداد کو ضبط کرنے کی کارروائی کو انجام دیا۔ اس دوران اس کے مکان کا پورا سامان مکان سے باہر نکال کر سڑک پر رکھ دیا گیا۔
اس معاملے میں سی او دھرم سنگھ مارشل نے بتایا کہ نبو عرف نایاب کئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا، اس لئے گینگسٹر ایکٹ کے تحت آج اس کی جائیداد کو ضبط کرنے کی کارروائی کی گئی۔
مزید پڑھیں:نوئیڈا: گینگسٹر کے خلاف پولیس کی قرق ضبطی کی کارروائی