رامپور کی عریشہ خان نے سی بی ایس ای سے کلاس 10ویں میں 99۰4 فیصد نمبرات کے ساتھ پورے اترپردیش کو ٹاپ کرکے رامپور کا نام روشن کر دیا ہے۔
عریشہ کی اس نمایاں کامیابی سے ان کے گھر میں جشن کا ماحول ہے۔ عریشہ کے رشتہ دار اس کے گھر پر پہنچ کر اس کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ہی ایک دوسرے کو میٹھائی بھی تقسیم کر رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران عرشیہ نے بتایا کہ، 'ان کو کامیابی ان کے گرین ووڈ اسکول کے ٹیچرس کا بھرپور تعاون اور گھر والوں کی جانب سے مکمل سپورٹ کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ، 'جہاں اسکول میں ان کے ٹیچرز ان کی پڑھائی میں مدد کرتے رہے، وہیں گھر پر ان کی خالہ نے ہی شروع سے ان کو اپنے ساتھ پڑھایا۔ کھبی باہر سے کوئی کوچنگ نہیں کرنی پڑی۔'
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ، 'وہ شروع سے ہی اپنے کلاس میں ٹاپر رہیں ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ، 'نویں جماعت میں انہوں نے اپنا اسکول ٹاپ کیا تھا۔ عریشہ کہتی ہیں کہ ان کو لیڈرشپ کافی پسند ہے، اسی لئے وہ مستقبل میں آئی اے ایس آفیسر بننا چاہتی ہیں۔'
معاشی تنگیوں کا سامنا کرتے ہوئے عریشہ کے والد مزمل اپنے تینوں بچوں کو تعلیم دلا رہے ہیں۔ وہ ایک میڈیکل اسٹور پر کام کرکے اپنے گھر کا گزر بسر چلا رہے ہیں۔ اپنی بیٹی کی اس نمایاں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ، 'اس خوشی کو بیاں کرنے کے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔'
پہلی مرتبہ رامپور کی طالبہ کے ذریعہ یو پی ٹاپ کرنے پر رامپور کے لوگ بھی کافی خوش ہیں اور عریشہ کو سوشل میڈیا کے ذریعہ مبارکباد پیش کرکے اپنی خوشی کا اظہار کرنے والوں کا تانتا لگا ہوا ہے۔