رامپور کی مدیحہ ایجوکیشنل ویلفئیر سوسائٹی کے صدر نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران بتایا کہ 'ان کی تنظیم لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 515 غریب مریضوں تک مفت دوا پہنچا چکی اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
ڈاکٹر شاداب کے بات چیت، ویڈیو لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مندوں کی مدد کے لیے سماجی تنظیمیں اور کارکنان مسلسل آگے آ رہے ہیں اور پریشان حال افراد کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایک جانب جہاں لوگ ضرورت مندوں اور مسافروں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں وہیں رامپور میں ایک ایسی بھی فلاحی تنظیم ہے جو نہ صرف ضرورت مندوں کو راشن فراہم کرہی ہے بلکہ مریضوں کے لیے 500 روپے تک کی دوائیں بھی مفت مہیا کروا رہی ہے۔
مدیحہ ایجوکیشنل ویلفئیر سوسائٹی نامی تنظیم کے صدر ڈاکٹر شاداب نے بتایا کہ 'عموماً لوگ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ان تک راشن تو پہنچا دیتے ہیں لیکن ان کا ایک سب سے اہم مسئلہ دوائیوں کا بھی ہوتا ہے۔
ڈاکٹر شاداب نے بتایا کہ 'جب انہوں نے اس جانب غور کیا تو فوری فیصلہ لیا کہ کم از کم پانچ سو روپے کی دوائیاں ضرورت مند اور بے سہارا افراد تک مفت پہنچائی جائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'جس کسی کو بھی دوا کی ضرورت ہوتی ہے وہ اپنی دوا کا نسخہ ان کے ذاتی نمبر کے وہاٹس ایپ پر بھیج دیتا ہے اور چار تا پانچ گھنٹوں کے اندر تنظیم کے کارکنان ان کے گھروں پر دوا پہنچا دیتے ہیں۔ یہ دوائیاں اب تک 515 افراد تک پہنچائی جا چکی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر شاداب نے یہ بھی بتایا کہ ان کا ارادہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد بھی وہ ایک سال تک دوائیاں پہنچاتے رہیں گے۔