پرتاپ گڑھ: پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب انصاری نے کہا کہ وزیراعظم اگر پسماندہ مسلمانوں کی بہبود کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو پیس پارٹی اس کا خیرمقدم کرتی ہے اور پیس پارٹی کو اعتماد ہے کہ وزیراعظم منڈل کمیشن، کیلکر کمیشن، رنگناتھ مشرا کمیشن و سچّر کمیٹی کی سفارشات کو نافذ کر کے انہیں سیاسی حصہ داری بھی دیں گے، جس سے ان کی سماجی، تعلیمی و معاشی ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے وزیراعظم کے پسماندہ مسلمانوں کی ترقی کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔
ایوب انصاری نے کہا کہ وزیراعظم سچّر کمیٹی و رنگناتھ مشرا کمیشن کی سفارشات کے بموجب مسلم پچھڑے و دلتوں کے سماجی و تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ اقلیتوں کو %15 فیصد ریزرویشن بھی دینا چاہیے جس کا پیس پارٹی مطالبہ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی سفارشات کے بموجب %27 او بی سی ریزرویشن میں سے منڈل کمیشن کے بموجب مسلم پچھڑوں کو %7.44 فیصد ریزرویشن اور مسلم دلتوں کو سکھ بودھ کی طرح ہی دلت ریزرویشن دیا جائے۔ پیس پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ وزیراعظم مسلم پسماندہ قیادت والی سیاسی پارٹیوں کو سیاسی حصہ داری دے کر ان کے مسائل کا تصفیہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مسلم عسائی دلتوں کے ریزرویشن کے حقوق صرف اس لیے چھین لیے گئے کیوں کہ وہ مسلمان و عسائی ہیں، جب کہ بودھ و سکھ وغیرہ کا ریزرویشن جاری ہے۔