ریاست اترپردیش کے شہر بنارس میں وزیراعظم کے دفتر کو فروخت کرنے کے لیے معروف آن لائن پلیٹ فارم 'آن لائن ایکسچینج' (او ایل ایکس) پر اشتہار دیا گیا تھا، جس کے بعد اترپردیش پولیس نے اس معاملے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ او ایل ایکس پر شائع کردہ اس اشتہار میں وزیراعظم آفس وارانسی کی قیمت ساڑھے سات کروڑ بتائی گئی ہے۔
برائے فروخت وزیراعظم کا دفتر اوایل ایکس آن لائن پلیٹ فارم او ایل ایکس کے مطابق لکشمی کانت اوجھا نامی شخص نے یہ اشتہار پوسٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ او ایل ایکس پر شائع ہونے والے اس اشتہار میں وارانسی میں وزیراعظم کے پارلیمانی آفس کی چار تصاویر بھی پوسٹ کی گئی ہیں، جن میں سے تین تصاویر موجودہ پی ایم او کی ہیں جبکہ ایک تصویر پرانے پی ایم او آفس کی ہے۔
اس کے علاوہ ان عمارتوں کا رقبہ اس پوسٹ میں 6500 مربع فٹ بتایا گیا ہے تاہم اس کے ساتھ ہی اس پوسٹ میں دو منزلہ عمارت میں چار بیڈروم کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ او ایل ایس پر شائع اس اشتہار میں وزیراعظم کے دفتر کا پتہ غلط ہے۔
فی الحال وزیراعظم کا یہ تعلقات عامہ کا دفتر بنارس کے جواہر نگر میں واقع ہے جبکہ اس پوسٹ میں اسے کرشنا دیو نگر بتایا گیا ہے۔
پی ایم او آفس کے اہلکار نے بتایا کہ او ایل ایس پر یہ پوسٹ مکمل طور پر غلط ہے، جبکہ لکشمی کانت اوجھا کا اس عمارت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
وہیں پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے چار افراد کو حراست میں لیکر پوچھ کچھ کر رہی ہے، تاہم آگے کی تحقیات بھی جاری ہے۔