اردو

urdu

مغل میوزیم کا نام تبدیل کرنے پر سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

By

Published : Sep 17, 2020, 4:42 PM IST

مغل میوزیم کا نام بدل کر چھترپتی شیواجی مہاراج کے نام پر رکھے جانے کے اعلان کے بعد ضلع جونپور کے سیاسی رہنماؤں نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اپنا نام تبدیل کرسکتا ہے اسکے لیے مغل میوزیم کا نام تبدیل کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

political leaders react to renaming mughal museum
ایم آئی ایم کے ضلعی صدر عمران بنٹی اور سابق رکن اسمبلی حاجی افضال احمد

ریاست اترپردیش میں نام تبدیل کرنے کی سیاست ان دنوں ایک بار پھر تیز ہوگئی ہے آگرہ کے تاج محل کے مشرقی گیٹ پر زیر تعمیر مغل میوزیم کا نام تبدیل کرکے وزیرِاعلیٰ یوگی نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے سے ناراض سیاسی پارٹی کے رہنماؤں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اپنا نام تبدیل کر سکتا ہے اسکے لیے مغل میوزیم کا نام تبدیل کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

مغل میوزیم کا نام تبدیل کرنے پر سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

واضح رہے کہ اترپردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز کہا تھا کہ غلامی کی ذہنیت کی علامتوں کو چھوڑ ملک کے تئیں ایسی چیزوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس سے ملک قابلِ فخر محسوس کرے، ہمارے ہیرو مغل نہیں ہو سکتے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ہمارے ہیرو ہیں، آگرہ کے تاج محل کے مشرقی گیٹ پر تعمیر ہونے والے مغل میوزیم کا نام مغل میوزیم کی جگہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے نام پر ہوگا۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ضلع صدر عمران بنٹی نے کہا کہ اترپردیش کے وزیرِاعلیٰ نام بدلنے میں ماہر ہیں وہ اتنے ماہر ہیں کہ خود انہوں نے اپنا ہی نام بدل دیا جبکہ انکا اصلی نام اجے سنگھ بشٹ ہے اور آج وہ یوگی آدتیہ ناتھ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن عمارتوں کو یوگی جی غلامی کی علامت بتا رہے ہیں جبکہ اصل میں جو غلامی کا دور بتایا گیا ہے وہ انگریزوں کا بتایا گیا ہے تو کیا بی جے پی حکومت گیٹ آف انڈیا کا نام تبدیل کرے گی جہاں مہا رانی کا خیر مقدم کیا گیا، اصل میں گیٹ آف انڈیا غلامی کی علامت ہے اور جن لوگوں نے آزادی کے وقت انگریزوں کا ساتھ دیا ملک کے ساتھ ایک قدم بھی نہیں چلے کہیں نہ کہیں آج ملک میں انہیں لوگوں کی حکومت ہے۔

اصل میں موجودہ حکومت کو اردو نام والوں سے دقت ہے وہ انکے ناموں کو بدل رہے ہیں اگر بدلنا ہے تو الکبیر، النور، العربیہ کمپنیوں کا نام تبدیل کریں جو پوری دنیا میں گوشت سپلائی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہم اس سے زیادہ کچھ امید بھی نہیں کر سکتے ہیں جو صرف نام بدل کر ہی کام چلانا چاہتی ہے۔

سابق ممبر اسمبلی حاجی افضال احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف نام تبدیل کرنے میں مصروف ہے جس اسمبلی میں یوگی جی بیٹھتے ہیں اور جس پارلیمنٹ میں مودی جی بیٹھتے ہیں، کیا وہ انگریزوں کی بنوائی ہوئی نہیں ہے، ریلوے لائن انگریزوں نے بچھوایا ہے اسے اکھاڑ کر پھینک دو، تمام چیزوں کو مغل سلطنت اور انگریزوں نے بنوایا، مغل میوزیم کا نام بدل کر کے چھتر پتی شیواجی کے نام پر کردیا ہم چاہتے ہیں کہ انکے نام پر ممبئی میں بنایا جائے لیکن نئی چیزوں کو وجود میں لایا جائے پرانی چیزوں کو آپ کیوں تبدیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت تبدیل ہوتی رہیں گی، یوگی حکومت بدلے کے جذبے سے کام کر رہی ہے، کل جو حکومت آئے گی وہ دوبارہ نام تبدیل کردے تو کیسا محسوس ہوگا، اس وقت عوام کورونا وائرس سے پریشان ہے، ملک میں بے روزگاری پھیلی ہوئی ہے، حکومت اس پر کام کرنے کے بجائے عوام کے ذہن کو منتشر کرنے میں لگی ہوئی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details